کراچی میں تین بچوں کے قتل کے الزام میں سگی ماں کو گرفتار کرلیا گیا

07:08 PM, 15 Jul, 2021

کراچی :  شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں تین بچوں کی پراسرار موت  کے الزام میں پولیس نے ماں کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق  کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ ماہ ایک فلیٹ سے تین کم عمر بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں تھیں، ماں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کیڑے مار دوا کے اسپرے کی وجہ سے بچیوں کی موت ہوئی۔

پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کیں تو سب سے پہلے ماں سے بیان لیا گیا، جس نے یہی مؤقف اختیار کیاکہ زہریلی دوا کے اثر کی وجہ سے بچیاں جاں بحق ہوئیں۔

پولیس حکام کے مطابق مرنے والے بہن بھائیوں کی عمریں دس سال سے کم تھیں، بچوں کے قتل کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب والد لاہور میں موجود تھا۔

متاثرہ والد نے بچوں کی ماں پر قتل کا شبہ ظاہر کیا، جس پر والد کی مدعیت میں شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ملزمہ نےبیان دیاتھافلیٹ میں کیڑاماردوا لگانےسےبچوں کی اموات ہوئیں۔ پولیس کی تحقیقات میں کچھ ایسے شواہد سامنے آئے جس کی بنیاد پر ماں کو اب باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مزیدخبریں