علاقائی سیکیورٹی صورتحال میں ٹیکنالوجی میں جدت ضروری ہے، جنرل ندیم رضا

05:02 PM, 15 Jul, 2021

راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ علاقائی اور عالمی اسٹریٹجک و سیکیورٹی صورت حال میں ٹیکنالوجی میں جدت ضروری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے ایچ آئی ٹی ٹیکسلا کا دورہ کیا، انہوں نے ایچ آئی ٹی کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت کی،اس موقع پر یوکرائن کے سفیر، چینی ڈیفنس اتاشی، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور اعلیٰ فوجی حکام و ریٹائرڈ افسران نے بھی شرکت کی۔ چئیرمین ایچ آئی ٹی میجر جنرل سید عامر رضا نے دفاعی صنعت میں خودانحصاری کے لئے کوششوں، ادارے کی کامیابیوں اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

جنرل ندیم رضا نے ایچ آئی ٹی اور دیگر شراکت دار کمپنیوں کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے بالخصوص ٹینک ٹیکنالوجیز میں تعاون اور 5 دہائیوں کی پیش رفت کو سراہا، جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ ایچ آئی ٹی کے افسران اور ہنر مند افرادی قوت دفاعی پیداوار کے شعبے میں بھر پور محنت کر رہی ہے، علاقائی اور عالمی اسٹریٹجک و سیکیورٹی صورت حال میں ٹیکنالوجی میں جدت ضروری ہے، تحقیق اور ڈویلپمنٹ میں شراکت داری سے خود انحصاری ممکن ہوسکتی ہے۔

جنرل ندیم رضا نے آرمی کی سیکنڈ ریجمنٹ کے کمانڈنگ آفیسر کو الخالد ون ٹینک کا اسکرول دیا جب کہ تقریب کے دوران یوکرائن ، چین اور ایچ آئی ٹی کی کمپنیوں کے درمیان ایم او یو پر دستخط بھی کئے گئے، ایچ آئی ٹی کی 50ویں سالگرہ پاک چین دوستی کی 70ویں سال کے ساتھ منائی جارہی ہیں۔

مزیدخبریں