کراچی میں ملک کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں لاکھوں جانور پہنچ گئے

02:54 PM, 15 Jul, 2021

کراچی : سپرہائی وے پر قائم ملک کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے  اب تک مختلف اقسام کے 6لاکھ جانور  لائے جاچکے ہیں۔

ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کو لانے کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں 6 لاکھ سے زائد جانور لائےجا چکے ہیں۔ کورونا کے ایس او پیز کے تحت منڈی میں ماسک کے بغیر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سپرہائی وے پر قائم عارضی مویشی منڈی کی رونق ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے، منڈی کا باقاعدہ افتتاح  کیا گیا تھا، جس کے بعد گوجرانوالہ ، راجن پور، شیخوپورہ، رحیم یارخان، اوکاڑہ، میرپور خاص، نوشہرو فیروز، حیدرآباد، کوئٹہ اور سبی سمیت کئی شہروں سے6 لاکھ سے زائد قربانی کے جانور پہنچادیئےگئے ہیں۔

مویشی منڈی انتظامیہ کی جانب سے رین ایمرجنسی کے تحت ریسکیو ٹیمیں الرٹ کردی گئی ہیں جو بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد ضروری اقدامات کررہی ہیں۔

مویشی منڈی کو خوبصورتی، قیمت اور رنگ کے لحاظ سے اسے مختلف بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے،جہاں خریداروں کو پہلے آئے پہلے پایئے کی بنیاد پر ایڈجسٹ کیا جارہا ہے ۔ 

بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ سپرہائی وے کی منڈی میں ہر سہولت مل رہی ہے اور جانوروں کے اچھے دام مل جاتے ہیں، جس کی وجہ سے ہم ہر سال کراچی کا رخ کرتے ہیں۔

اس حوالے سے مویشی منڈی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ٹوکن دے کر عید قرباں تک جانور مویشی منڈی میں کھڑا کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

مویشی منڈی کی انتظامیہ کے مطابق منڈی کے مختلف بیوپاریوں کے پاس 62 گائے اور بیل بطور امانت موجود ہیں، کورونا ماسک کے بغیر مویشی منڈی آنے والوں پر جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں