لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر قومی سکواڈ میں شامل نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی حمایت میں میدان میں آ گئے ہیں اور انہیں موجودہ ٹیم کا بہترین فاسٹ باؤلر قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد عامر نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے خیال سے شاہین شاہ آفریدی موجودہ سکواڈ میں پاکستان کے سب سے بہترین فاسٹ باؤلر ہیں۔ انہوں نے کہا آپ اپنے ارادے سر بلند رکھیں، آپ نے پہلے بھی کارکردگی دکھائی اور آئندہ بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
محمد عامر نے شاہین شاہ آفریدی کو مشورہ دیا کہ وہ توجہ حاصل کرنے کے متلاشی ناقدین کی باتوں پر کان نہ دھریں اور صرف اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کو انگلینڈ کیخلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں ناقص کارکردگی دکھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔