ماسکو : روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اپنے ٹیلی گرام چینل میں انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سفارت خانے کے ایک ملازم نے رواں سال موسم بہار میں روس کے تیور ریجن میں ریلوے کی سگنل لائٹ چرائی تھی۔
حال ہی میں روس نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک امریکی سفارت کار کو ریلوے لائن کے کنارے لگی ایک سگنل لائٹ کو توڑ کر اُسے لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ویڈیو چند ماہ پہلے کی ہے واقعے کے بعد روسی پولیس نے امریکی سفارت کار کو گرفتار کرلیا۔ یہ واقعہ شمالی روس کے شہر تیور کے قریب اوستاشکوف ریلوے اسٹیشن کے پاس پیش آیا۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے سخت انداز میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی مذاق کی بات نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ خطرہ اس بات کا تھا کہ امریکی شہری کی اس حرکت نے ٹرین کے مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اوسٹاکوف کا مرکز ریلوے کا ایک مصروف ریلوے ٹریک ہے۔ اس لئے یہ روسی ریلوے کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ ماریا نے زور دے کر کہا کہ اگر گمشدہ سگنل لائٹ فوری طور پر دریافت نہیں کیا گیا تو ایک بہت برا سانحہ پیش آسکتا ہے جس کا ذمہ دار امریکی سفارت کار ہوگا، انہوں نے بتایا کہ یہ ایک ناقابل معافی جرم ہے۔
زاخارووا کے مطابق یہ کہانی پولیس کی تفتیش سے پہلے کی کارروائیوں کی وجہ سے مشہور ہوئی۔ روسی پولیس کے پولیس افسران نے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص نے ریلوے ٹریک پر سوئچ سائن کو چوری کرکے اپنی کار کے ٹرنک میں ڈال دیا۔
روسی پولیس کے مطابق وہ ایک لال (سفارتی) لائسنس پلیٹوں والی کار تھی روسی سفارت کار نے بتایا اسی دن تیور ریجن میں ٹریفک پولیس نے اسی لائسنس پلیٹ والی کار کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے جرم میں روک لیا تھا۔
اس کار کو امریکی سفارت خانے کا ایک ملازم چلارہا تھا، روسی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے. ابتدائی معلومات کے مطابق مذکورہ سفارت کار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔