اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ہیلتھ کیئر ورکرز کو کورونا رسک الاؤنس اور اس کے تمام بقایہ جات دیئے جائیں گئے۔
تفصیلات کے مطابق پولی کلینک ہیلتھ کیئر ورکرز سے ملاقات کے بعد ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ ہیلتھ ورکرز کو کورونا رسک الاونس مل جائے گا، یہ الاؤنس پہلے مل جانا چاہیے تھا تاہم اس میں تاخیر ہوئی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز کو کورونا رسک الاؤنس اس وقت تک ملتا رہے گا جب تک کورونا وباءہے جبکہ کوشش کر رہے ہیں کہ رسک الاؤنس کی پہلی ادائیگی رواں ماہ کے آخر تک کردی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا کی تین لہریں آ چکی ہیں اور چوتھی کاسامناہے، ہیلتھ کیئر ورکرز کے بغیر کورونا پر کنٹرول ممکن نہیں تھا، ہیلتھ کیئر ورکرز کے باعث پاکستان کو آج شاباش مل رہی ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ہسپتالوں کے عملے کو کورونا وائرس رسک الاؤنس دینے کیلئے وزارت صحت نے خط لکھ دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ تمام ہیلتھ ورکرز کو کورونا رسک الاؤنس دیا جائے گا۔
وزارت صحت کا اپنے خط میں کہنا ہے کہ کلینیکل اور نان کلینیکل سٹاف کو الگ الگ ہیلتھ رسک الاؤنس دیا جائے گا جبکہ خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ہسپتال اپنے ملازمین کی فہرستیں 15 جولائی تک وزارت صحت کو جمع کروا دیں۔
ہیلتھ کیئر ورکرز کو کورونا رسک الاؤنس اور تمام بقایہ جات دئیے جائیں گے: ڈاکٹر فیصل سلطان
12:47 PM, 15 Jul, 2021