صوبہ پنجاب: مون سون شجرکاری مہم کے دوران پانچ کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر  

11:55 AM, 15 Jul, 2021

لاہور: پنجاب میں مون سون شجرکاری مہم کے دوران پانچ کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔ جولائی میں شروع ہونے والی شجر کاری مہم دسمبر تک جاری رہے گی۔

اس بات کا فیصلہ صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان اور چیف سیکرٹری پنجاب کے زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مون سون شجرکاری مہم کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ مون سون شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح جولائی کے تیسرے ہفتے میں ہوگا۔

صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت جنگلات میں اضافے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام کے تحت 12 تا 18 جولائی ہفتہ شجرکاری منایا جا رہا یہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ شجرکاری کے دوران تین لاکھ 80 ہزار سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا ہے کہ پودے لگانے کے بعد ان کی دیکھ بھال کا مناسب انتظام کیا جائے۔ جدید ٹیکنالوجی کی مددسے لگائے گئے پودوں کی نشوونما کی مانیٹرنگ کیلئے نظام وضع کیا جائے۔ تمام محکمے شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ شجر کاری مہم میں سوسائٹی، رفاعی تنظیموں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری نے درخت لگانے کے فوائد بارے کمیونٹی موبلائزیشن اور آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔

سیکرٹری جنگلات کو بریفنگ دی گئی کہ مون سون شجرکاری مہم کے دوران پنجاب میں پانچ کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تین کروڑ 20 لاکھ پودے سرکاری جنگلات، 60 لاکھ محکمہ دفاع، آٹھ لاکھ دیگر سرکاری محکموں کی زمین پر لگائے جائیں گے۔

ایک کروڑ 10 لاکھ پودے نجی زمینوں پر لگائے جائیں گے۔ اگست کے پہلے ہفتے میں پلانٹ فار پاکستان ڈے بھی منایا جائے گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پلانٹ فار پاکستان ڈے کے موقع پر محکمہ جنگلات سیل پوائنٹس پر تین لاکھ 84 ہزار پودے مفت تقسیم کریگا۔

بلدیات، آبپاشی، سکولز ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن کے محکموں کے سیکرٹریز کے ساتھ ساتھ ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹیز کے ڈائریکٹر جنرل ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

مزیدخبریں