اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اسد عمر نے کہا ہے کہ ہسپتالوں اور آئی سی یو میں کورونا مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی بھارتی قسم خطے میں تباہی کا باعث بن رہی ہے اور کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عمل کریں اور ویکسی نیشن کرائیں، اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرات میں نہ ڈالیں۔
Rapid build up starting to take place in covid patients hospital inflow, as well as patients in critical care. This indian variant has caused devastation in countries in the region. Please follow sop's and get vaccinated as soon as possible. Do not risk your own & others lives.
— Asad Umar (@Asad_Umar) July 15, 2021
دوسری جانب سندھ میں کورونا پھر سر اٹھانے لگا جس کے بعد دوبارہ پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، صوبے میں ریسٹورنٹس کے اندر کھانے پر پابندی لگائی گئی ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی جبکہ سنیما ہالز بھی کھلنے سے پہلے ہی بند کردیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے اور مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے اوپر چلی گئی ہے۔ این سی اوسی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کوروناکے 2 ہزار 545 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 14 جولائی کو 48 ہزار 910 ٹیسٹ کئے گئے اور وبا سے مزید 47 افراد انتقال کرگئے ہیں۔