سندھ حکومت کا فیصلہ بہتر ہے اور اس کیساتھ متفق ہوں: ڈاکٹر فیصل سلطان

11:42 AM, 15 Jul, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ڈیٹا سے پتہ چل رہا ہے کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر آ رہی ہے، اس لئے پابندیوں کے حوالے سے سندھ حکومت کا فیصلہ بہتر ہے، میں ان کے فیصلوں سے متفق ہوں۔
نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کراچی میں کورونا کیسز کی مثبت شرح تقریباً 19 فیصد ہے اور جب کوئی نیا ویرینٹ آتا ہے تو وہ آسانی سے پھیلتا ہے، بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ 50 سے 60 فیصد تیزی سے پھیل رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی ویکسین 100 فیصد موثر نہیں ہوتی تاہم موجودہ تمام ویرینٹ پر کورونا وائرس کی ویکسین اثر انداز ہوتی ہیں، تمام لوگوں کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگانا بہت ضروری ہے جبکہ کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے سے مسائل حل ہو جائیں گے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سفر کرنے کیلئے کورونا وائرس کی ویکسین کا سرٹیفکیٹ ضروری ہو گا، اگست سے اندورن ملک سفر کیلئے بھی کورونا سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا اس لئے تمام لوگ ہر صورت ویکسی نیشن کروائیں۔ 

مزیدخبریں