لندن: انگلینڈ میں موجود بھارتی کرکٹ ٹیم کا ایک کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہو گیا ہے تاہم مذکورہ کھلاڑی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے البتہ اسے فوری طور پر قرنطینہ بھیج دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹر کے ڈیلٹا ویرینٹ کا شکار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور وائرس کے شکار کھلاڑی کو فوری طور پر قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ماہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل آج بھارتی کھلاڑیوں کو اکٹھا ہونا تھا۔
دوسری جانب بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں کو احتیاط اور رش والی جگہوں پر نہ جانے کی ہدایت کی ہے تاہم بھارتی کھلاڑی اور آفیشلز بورڈ کی ہدایات کو نظرانداز کرتے ہوئے یوروکپ اور ویمبلڈن دیکھتے رہے۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ کھلاڑی گزشتہ 8 د نوں سے قرنطینہ میں ہے اور اسے ٹیم ہوٹل میں نہیں ٹھہرایا گیا، اس وجہ سے کوئی دوسرا کھلاڑی متاثر نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک کسی اور کھلاڑی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا اس کے علاوہ آپ کو یہ بھی معلوم ہونا چاہئے کہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے تمام کھلاڑیوں کو خط لکھا ہے جس میں کورونا وائرس کے خلاف وضع کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔