لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کا برا حال ہو چکا ہے، ٹیم اگر میچ ہارے گی تو سوال کوچز سے ہو گا اور تنقید بھی ان پر ہی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق عاقب جاوید نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو احساس نہیں ہو رہا کہ پاکستان کرکٹ کا برا حال ہو چکا ہے۔ عاقب جاوید نے کہا کہ پی سی بی کی موجودہ مینجمنٹ 2 برس قبل ایک چلتے ہوئے سسٹم کو روکا جس طریقہ کو روکا گیا تھا اس کے نتائج اب سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر کام نہیں ہو رہا اور اکیڈمیز بنانے کا رحجان بھی ختم ہو گیا ہے، کھلاڑیوں کی تکنیک پر کہاں کام ہو رہا ہے؟ پاکستان کے پاس بیٹسمین ہے ہی کوئی نہیں، سیم اور باؤنس میں تکنیک ایکسپوز ہو جاتی ہے ، ورلڈ کپ کیلئے ٹیم بنانے کیلئے انہوں نے ابھی تک کیا کام کیا ہے؟
سابق فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ نے اب تک کیا ڈیلیور کیا ہے، حالانکہ قومی ٹیم کے کوچ کے پاس تو وقت ہی بہت ہوتا ہے، وہ باؤلرز کی کارکردگی کو کام کر کے بہتر بنا سکتا ہے، بہتر کمپوزیشن بنا سکتا ہے لیکن یہاں باؤلرز کی کمپوزیشن بنانے کے بجائے خراب کر دی گئی ہے۔
پی سی بی کو احساس ہی نہیں ہو رہا کہ پاکستان کرکٹ کا برا حال ہو چکا ہے: عاقب جاوید
10:17 AM, 15 Jul, 2021