مظفر آباد: آزاد کشمیر حکومت نے عام انتخابات کی وجہ سے عیدالاضحیٰ پر صرف ایک چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے۔ شہری صرف 21 جولائی عید کے پہلے روز چھٹی منا سکیں گے۔ اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ نوٹیفیکیشن محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن آزاد کشمیر نے جاری کیا ہے۔ اس نوٹیفیکیشن میں عیدالاضحیٰ کی صرف ایک چھٹی دینے کی وجہ عام انتخابات کو قرار دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات پچیس جولائی بروز اتوار کو منعقد ہونگے۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں چھبیس سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ پینتالیس نشستوں پر 708 امیدوار میدان میں اتریں گے۔
آزاد کشمیر کے تیتیس انتخابی حلقوں میں پانچ سو ستاسی امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا، ان انتخابات میں پہلی بار سب سے زیادہ تعداد میں 261 آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
اسی طرح مہاجرین مقیم پاکستان کی بارہ نشستوں پر ایک سو اکیس امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ ان بارہ نشستوں پر چھپن آزاد امیدوا الیکشن میں حصہ لیں گے۔
مہاجرین مقیم پاکستان کے بارہ حلقوں میں پی ٹی آئی امیدوار میدان میں ہیں جبکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے گیارہ، گیارہ اور مسلم کانفرنس کے دس امیدوار میدان میں ہیں۔