اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مریم نواز ذہنی طور پر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، ان کا ایک ہی مقصد ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے ان کے کیسز معاف کر دیئے جائیں اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی جائے تو تحریک انصاف کے دور حکومت میں ناممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز آزاد کشمیر انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم عمران خان کے خلاف نامناسب زبان استعمال کر رہی ہیں اور بے بنیاد الزامات لگا رہی ہیں۔ ن لیگ میں اس وقت اقتدار کی جنگ جاری ہے۔ مریم نواز شہباز شریف، احسن اقبال اور خواجہ آصف وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں،
ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کی ہمیشہ یہ عادت رہی ہے کہ جب بھی یہ لوگ اقتدار میں نہیں ہوتے تو قومی اداروں پر حملے اور انہیں بلیک میل کر کے ریلیف لیتے رہے ہیں، اب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بن رہا ہے، مریم نواز نے کیسز سے ریلیف لینے کیلئے قومی اداروں پر تنقید کرنے سمیت ہر حربہ استعمال کر لیا لیکن انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملا اسلئے ذہنی دبائو کا شکار ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ماضی میں ن لیگ کے قائدین عدلیہ کو بلیک میل اور ڈرا دھمکا کر اپنے مرضی کے فیصلے کراتے رہے ہیں، تحریک انصاف حکومت کی قومی اداروں کے امور میں کوئی مداخلت نہیں ہے، نیب سمیت تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے قائدین اپنے دور حکومتوں کے دوران بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں میں ملوث رہے جو ایک حقیقت ہے اور اب نیب بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق تحقیقات کر رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران سیاسی بیان بازی ہوتی رہتی ہے، مریم نواز آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران جسطرح کی نامناسب زبان استعمال کر رہی ہیں انہیں اسی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ نیب قوانین میں ترامیم سے متعلق سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین بزنس کا گہرا تجربہ رکھتے ہیں اگر انہوں نے نیب ترامیم کی بات کی ہے تو اسے سنجیدہ لینا چاہیے اور ہمیں جلد از جلد ترامیم کی طرف جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور عوام کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں ہم اپوزیشن کے ساتھ مل کر قانون سازی کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن اگر اپوزیشن ان کی آڑ میں اپنے کیسز معاف کرانے سمیت اور مطالبے لیکر آئی تو اس کے ساتھ بات نہیں ہو گی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ شہباز شریف پر اربوں روپے کی کرپشن کا کیس ہے جب ان سے سوالات پوچھے جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ میرے بیٹوں سے پوچھو، چوری کی نشاندہی کرنا حکومت کا کام ہے لیکن تحقیقات کرنا اور فیصلے دینا اداروں کا کام ہے۔ جہانگیر ترین سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کی جماعت کیلئے بڑی خدمات ہیں، ان پر جو بھی بدعنوانی کے الزامات لگا رہے ہیں وہ عدالتوں میں ان کا سامنا کر رہے ہیں۔