ترسیلات زر کی مد میں مسلسل تیرہویں مہینے 2 ارب ڈالر سے زائد آنے کا ریکارڈ

07:42 AM, 15 Jul, 2021

اسلام آباد: کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 2 ارب ڈالر سے زائد آنے کا ریکارڈ مسلسل تیرہویں مہینے جاری رہا اور جون 2021 میں تقریبا 2.7 ارب ڈالر 9فیصد نمو سال بسال اور 8 فیصد نمو ماہ بماہ کی رقم موصول ہوئی۔

مرکزی بینک سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عید سے قبل رقوم کی آمد سے جون کے دوران ترسیلات ِزر مزید بڑھنے میں مدد ملی۔ مجموعی بنیاد پر ترسیلات ِزر مالی سال 21 میں29.4 ارب ڈالر کی سالانہ تاریخی سطح تک پہنچ گئیں۔

اس سے گذشتہ سال کے مشکل عالمی معاشی حالات کے باوجود ملک کی بیرونی شعبے کی پوزیشن بہتر کرنے میں مدد ملی ہے۔ مالی سال 21 میں پچھلے برس کی نسبت ترسیلات ِزر میں 27 فیصد کی نمایاں نمو دیکھی گئی جو مالی سال 03 سے اب تک اضافے کی تیز ترین شرح ہے۔

مالی سال 21 کے دوران ترسیلات زر زیادہ تر سعودی عرب 7.7 ارب ڈالر، متحدہ عرب امارات 6.1 ارب ڈالر، برطانیہ 4.1 ارب ڈالراور امریکہ 2.7 ارب ڈالرسے آئیں۔ مجموعی طور پر مالی سال 21 کے دوران کارکنوں کی ترسیلات ِزر کی ریکارڈ رقوم کی آمد کے اسباب باضابطہ طریقوں کے استعمال کی ترغیب دینے کے لیے حکومت اور اسٹیٹ بینک کے فعال پالیسی اقدامات، کووڈ 19 کی بنا پر سرحد پار سفر میں کمی، وبا کے دوران پاکستان کو بھیجی جانے والی فلاحی رقوم اور زر ِمبادلہ مارکیٹ کے منظم حالات تھے۔

مزیدخبریں