اسلام آباد: ضلع دیامیر میں دسمبر 2020ء تک پاک فوج کے 120 دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری حاصل کی گئی۔ محکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج طلب کرنے کی درخواست کی تھی۔
ڈیم کی تعمیر کے لیے زمین کے حصول کے دوران تھریٹ الرٹ موصول ہوئے۔ ڈیم پر کام کرنے والوں اور دیگر وسائل کی سیکیورٹی پاک فوج دیکھے گی۔
1974ء میں اپنی تکمیل کے بعد تربیلا ڈیم پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے تربیلا ڈیم کی عمر میں مزید 35 سال کا اضافہ ہو جائے گا۔
یہ پراجیکٹ مقامی لوگوں کیلئے بھی ایک نعمت ثابت ہوا ہے۔ سماجی ترقی کیلئے اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت 78 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
یہ منصوبہ دریائے سندھ پر تربیلا ڈیم سے تقریباً 315 کلومیٹر بالائی جانب جبکہ گلگت سے تقریباً 180 کلو میٹر اور چلاس شہر سے 40 کلو میٹر زیریں کی جانب تعمیر کیا جا رہا ہے۔
دیامربھاشا ڈیم کے تین بنیادی مقاصد ہیں جن میں زرعی مقاصد کیلئے پانی کا ذخیرہ، سیلاب سے بچاؤ اور کم لاگت پن بجلی کی پیداوار شامل ہیں۔ پن بجلی گھروں سے ہر سال ڈھائی ارب یونٹ اضافی بجلی حاصل ہو گی۔