انقرہ :ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مسلسل ناکہ بندی اور القدس کی تاریخی حیثیت تبدیل کرنا اسرائیل کا بدترین ظلم ہے ، عالمی برادری کی اسرائیلی جرائم پرخاموشی اسرائیلی ہٹ دھرمی اور بدمعاشی کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق انقرہ میں ایک تقریب سے خطاب میں ترک صدر نے کہا کہ اسرائیلی ریاست کے زیرتسلط فلسطینی علاقے پوری دنیا میں ظلم کا شکار ہونے والے علاقوں میں سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نہتے فلسطینیوں کو بے رحمی کے ساتھ ذبح کررہی ہے مگر عالمی ذرائع ابلاغ میں فلسطینیوں کے کشت وخون کی کوئی خبر نہیں چلائی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم پر مجرمانہ خاموشی اسرائیل کے جرائم میں اضافے کا باعث ہے۔ عالمی برادری اسرائیل کو عالمی قوانین کا پابند بنانے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا غرب اردن اور وادی اردن کو ضم کرنے کا اقدام فلسطینی قوم پر ایک نیا ظلم ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل سے کہے کہ بہت ہوچکا اور اسرائیل کے تمام غیرقانونی اقدامات کی روک تھام کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے میں نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں دنیا سے پوچھا تھا کہ ارض فلسطین میں اسرائیلی ریاست کا حدود اربعہ کیا ہے اور اس نام نہاد ریاست کی سرحدیں کہاں کہاں ہیں۔ اسرائیل کی کوئی سرحد نہیں اور وہ مسلسل توسیع پسندی کے راستے پر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ1947 ء کو فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی ریاست قائم کی گئی۔ اس سے قبل اسرائیل کا وجود کہاں تھا۔
ارض فلسطین پر ریاست قائم کرنے کے بعد صہیونی ریاست مسلسل وسعت پذیر رہی ہے۔ 1967 ء کی جنگ کے بعد اسرائیل نے مزید علاقے اپنے تسلط میں لیے۔