ملتان: نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر (وی سی) کورونا وائرس سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
پرنسپل نشتر میڈیکل کالج ڈاکٹر افتخار کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کارڈیاجی اسپتال میں زیر علاج تھے اور مرحوم کو 14 جون کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا 6 جولائی سے وینٹی لیٹر پر تھے۔واضح رہے کہ نشتر میڈکل کالج میں کورونا کے ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے جبکہ نشتر میڈیکل کالج کے 25 سے زائد ڈاکٹرز بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس سے 5 ہزار 386 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 2 لاکھ 55 ہزار 769 کیسز رپورٹ ہوئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 67 اموات اور 2 ہزار 165 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔سندھ میں ایک لاکھ 7 ہزار 773 کورونا کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 88 ہزار 45، خیبر پختونخوا 31 ہزار ایک، اسلام آباد 14 ہزار 315 ، بلوچستان 11 ہزار 239، گلگت بلتستان ایک ہزار 708 اور آزاد کشمیر میں ایک ہزار 688 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔
پنجاب میں 2 ہزار 43 مریض کورونا سے جاں بحق ہوئے۔ سندھ میں ایک ہزار 863، خیبر پختونخوا ایک ہزار 114، اسلام آباد 155، بلوچستان 127، آزاد کشمیر 46 اور گلگت بلتستان میں 38 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔ملک بھر میں 16 لاکھ 27 ہزار 939 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں ایک لاکھ 72 ہزار 810 افراد نے کورونا کو شکست دی ہے۔ پاکستان کے 733 اسپتالوں میں کورونا کی سہولیات موجود ہیں۔ اس وقت 3 ہزار 727 کورونا مریض اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ ملک بھرمیں کورونا مریضوں کے لیے ایک ہزار 825 وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔
ملک میں کورونا ٹیسٹنگ صلاحیت یومیہ 60 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ اور 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں۔ 30شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اورقرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔