اسلام آباد : برطانیہ نے ایرانی تیل بردار ٹینکر چھوڑنے پر مشروط آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی تیل بردار بحری جہاز کو اس شرط پر چھوڑا جا سکتا ہے اگر برطانیہ کو اس بات کی ضمانت دی جائے کہ خام تیل شام نہیں لے جایا جا رہا ۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ جیریمی ہنٹ نے کہا ہے جبرالٹر سے تحویل میں لیے گئے ایرانی تیل بردار بحری جہاز کو چھوڑا جا سکتا ہے تاہم یہ ضروری ہے کہ ایران برطانیہ کو ضمانت دے کہ خام تیل شام نہیں لے جایا جا رہا ۔واضح رہے کہ چار جولائی کو جبرالٹر میں برطانیہ کے رائل میرینز نے ایرانی تیل بردار سپر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا تھا۔
برطانوی بحریہ کے مطابق انھیں خدشہ تھا کہ یہ ٹینکر خام تیل شام لے جا رہا ہے جو یورپی یونین کی دمشق پر لگائی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔ مبصرین کے مطابق برطانیہ کا ایرانی جہاز چھوڑنے کی آفر کے پیچھے کئی عوامل کار فرما ہیں یہ عوامل صرف ادھر تک محدود نہیں کہ موجودہ بحران سے نجات پائی جائے بلکہ اس بات کا بھی اظہار ہے کہ برطانیہ اپنے آپ کو ایران کے حوالے سے امریکی پالیسی سے بھی اپنے آپ کو لاتعلق کرے۔