جھنگ: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ شہباز شریف نے پولیس کے ذریعے 870 افراد کو قتل کروایا۔
جھنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شریفوں نے پولیس کو تباہ کردیا ہے۔ ہم نے خیبرپختونخوا کی پولیس کو غیرسیاسی کرکے مثالی بنا دیا ہے۔ خیبرپختونخوا کی پولیس میں کوئی پیسے دے کر بھرتی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے اگر موقع دیا تو پولیس اور بلدیاتی نظام کو ٹھیک کریں گے۔
اس سے پہلے فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجرم اعظم نواز شریف نے پاکستان کے 300 ارب لوٹے، کوئی ڈاکو پکڑا جائے تو اسے ہار پہنائیں گے یا جیل میں ڈالیں گے؟ ملک لوٹنے والے کو 40 گاڑیوں کا پروٹوکول دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی شخصیت کا بیان احمقانہ ہے، جس کو اسلام کی سمجھ نہیں وہ ہی ایسا بیان دے سکتا ہے، اچھے برے کی تمیز ختم ہونے سے قومیں تباہ ہو جاتی ہیں۔ یہ وقت رانا ثناءاللہ اور عابد شیر علی جیسے لوگوں کو شکست دینے کا ہے۔ رانا ثناءاللہ کو پتا ہے نواز شریف نے چوری کی ہے، چوروں کو 25 جولائی کو شکست دیں گے۔ ن لیگ کے چودھری شیر علی نے کہا رانا ثناءاللہ نے 18 لوگ قتل کیے، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں خواتین کو گولیاں ماری گئیں۔
عمران خان نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے"چارٹر آف مک مکا"سائن کیا، 22 سال سے کرپشن کیخلاف جدوجہد کر رہا ہوں، 10 سال میں بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔