مردان: اے این پی کے صوبائی صدراور سابق وزیراعلیٰ امیرحیدرخان ہوتی ایم این اے نے کہاہے کہ عوامی نیشنل پارٹی پانامہ کے معاملے پر وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ نہیں کرے گی, معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور فیصلے کا انتظار کرناچاہئے, اقتدار اے این پی کی منزل نہیں, ہماری جدوجہد پختون قوم کے حقوق کے حصول کے لئے ہے، تبدیلی ، میرٹ اور انصاف کے نام پرخیبرپختونخوا کے عوام کو دھوکہ دیاگیالیکن 2018کے انتخابات میں پختون بنی گالہ سے اختیارات واپس لے کر دم لیں گے ،فاٹاکو خیبرپختونخوا میں شامل کیاجائے۔
وہ ہفتہ کومردان خاص میں شمولیتی اجتماع سے خطا ب کررہے تھے جس میں انور خان نے حاجی خان بہادر، ذوالفقارعلی شاہ اورحاجی فضل شیر سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیرحیدرخان ہوتی نے انہیں ٹوپیاں پہنائیں اور مبارک باد دی۔ جلسے سے ضلعی جنرل سیکرٹری لطیف الرحمان اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ عمران خان ملک میں سیاسی انتشار چاہتے ہیں ان کا ایجنڈا وزیراعظم بننے کا ہے اس لئے انہوں نے پنجا ب کو سیاسی اکھاڑا بنادیاہے۔
اے این پی کے صوبائی صدر نے کہاکہ افسو س کی بات ہے کہ پختون قوم نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ صوبے کے مسائل کے حل کے لئے دیاتھالیکن وہ یہاں کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کررہے ہیں ۔ امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ قبائلی عوام کو ان کے حقوق دیئے جائیں اور عام انتخابا ت سے قبل فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کیاجائے تاکہ قبائلی عوام قومی سیاسی دھارے میں شامل ہوں ۔