وزیراعظم نواز شریف کا قصہ تمام ہو چکا ، اگلا ہفتہ آخری ہفتہ ہو گا: عمران خان

08:39 PM, 15 Jul, 2017

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی کہانی کا اختتام اب قریب ہے، انکا وقت تمام ہو چکا ہے اور طویل تاریک رات بالاآخر ختم ہو نے کو ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو دیئے جانے والے انٹرویو میں عمران خان نے کہا ہے کہ اب وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فوجداری کارروائی ہو گی، شریف خاندان نے عدالت میں جھوٹ بولا ہے اور ان کا سارا دفاع فراڈ اور دھوکے پر مبنی تھا۔
انکا کہنا تھا کہ اگر عدالت نے وزیراعظم کو عہدے سے ہٹا دیا تو رواں برس کے اختتام تک ملک میں قبل از وقت انتخابات ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ امید ہے کہ اگلا ہفتہ بطور وزیراعظم نواز شریف کا آخری ہفتہ ہوگا اور اسلام آباد میں آئندہ ہفتے وزیراعظم کو رخصت کرنے کرنے لیے بڑی پارٹی کا انتظام بھی کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاناما کیس سے متعلق جے آئی ٹی نے گزشتہ ہفتے اپنی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی تھی جس کے بعد سپریم کورٹ نے اس رپورٹ پر مزید جرح کے لیے پیر 17 جولائی کو سماعت مقرر کی ہے ۔
اسکے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ نے فریقین کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ اس کیس میں پہلے دیئے گئے دلائل کو دہرانے سے گریز کریں۔ دوسری طرف رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ جبکہ ن لیگ نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو رد کرتے ہوئے ڈٹ کرمقابلہ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

مزیدخبریں