ترک فوجی بغاوت جمہوریت کیخلاف گہری سازش تھی ،رانا ثناء اللہ خاں

ترک فوجی بغاوت جمہوریت کیخلاف گہری سازش تھی ،رانا ثناء اللہ خاں

لاہور :صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا ہے کہ ترکی میں ایک سال قبل اسی دن ہونے والی فوجی بغاوت جمہوریت کے خلاف گہری سازش تھی۔ جسے وہاں کی عوام نے اتحاد اور جذبہ حب الوطنی سے ناکام بنایا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہین کمپلیکس میں 15 جولائی 2016 کو ترکی میں جمہوریت کے خلاف ہونیوالی ناکام فوجی بغاوت کے ایک سال پورا ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ ترکی میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں شر پسند عناصر نے نہتے عوام پر جسطرح بربریت کا مظاہر ہ کیا اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انھوں نے کہا کہ ترک ریپبلک کی تاریخ میں یہ بد ترین ظلم تھا ۔ انھوں نے کہا کہ یہ ترک عوام ہی تھے جو سیاسی وابستگیوں سے قطع نظراس بغاوت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔ انھوں نے کہا کہ ترکی کی بہادر عوام جس ملی نظم و ضبط کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ٹینکوں کے آگے کھڑی ہوئی ان کے اس جذبہ کو وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیر قانون نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی اولین ذمہ داری اسکے شہریوں کے جان و مال اور ریاست کا تحفظ ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ترک حکومت نے اس ذمہ داریوں کو بطریق احسن نبھایا ہے۔قبل ازیں ، ترکی کے قونصل جنرل مسٹر سردار ڈینز نے اپنے خطاب میں کہا کہ انکی حکومت ریاست کے خلاف عناصر کی سرکوبی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے دشمنوں سے قانون کی بالا دستی ، جمہوری طریقوں اور اخلاقیات سے لڑا جا سکتا ہے۔

مصنف کے بارے میں