قاہرہ: مصر میں اپنی بیوی کو زدوکوب کرنے والے شوہر نے اپنے جوان بیٹے کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق حال ہی میں منظر عام پر آنے والی ایک دہشت ناک ویڈیو میں ایک مصری شہری سڑک پر اپنے جوان بیٹے کو اْس کی ماں کے سامنے فائرنگ کر کے موت کی نیند سْلا دیا۔ یہ واقعہ مصر کے جنوبی صوبے اسیوط کے شہر منفلوط میں پیش آیا۔
وڈیو کلپ میں مذکورہ باپ پہلے اپنی بیوی پر دھاوا بولتے ہوئے نظر آیا جس پر بیٹا اپنی ماں کا دفاع کرنے کے لیے بیچ میں حائل ہو گیا۔ اس کے بعد سنگ دل باپ نے اپنا ہتھیار نکال کر جوان بیٹے کو وقفے وقفے سے متعدد گولیاں ماریں یہاں تک کہ وہ سڑک پر ایک مقامی فارمیسی کے سامنے دم توڑ گیا۔بیٹے کی موت کی تصدیق کرنے کے بعد قاتل نے اپنی بیوی پر حملہ کر کے اسے زدوکوب کیا۔
اس دوران اہلِ محلہ کی ایک بڑی تعداد جمع ہو گئی جس کے نتیجے میں قاتل باپ اپنے بیٹے کی لاش کو اس کی ماں کے پاس ہی چھوڑ کر جائے واردات سے فرار ہو گیا۔واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ گئیں۔
مقتول نوجوان کی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور جرم کا ارتکاب کرنے والے باپ کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کر دی گئی ۔