فیس بُک نے پاکستان کی درخواست مسترد کر دی

11:02 AM, 15 Jul, 2017

کراچی: وائس آف امریکا کی اردو سروس کی رپورٹ کے مطابق فیس بک انتظامیہ نے پاکستان کی جانب سے جعلی اکائونٹس کی روک تھام کے لئے ای میل کے بجائے فون نمبر کے استعمال کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ پاکستان نے جعلی اکاؤنٹس بنا کر فیس بک پر توہین مذہب اور دوسرا قابل اعتراض مواد کی اشاعت روکنے کے لیے فیس بک کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پاکستان میں اپنے صارفین کے اکاؤنٹس موبائل فون نمبر سے منسلک کر دے تاکہ ڈیٹا بیس کے ذریعے ان کا کھوج لگا کر ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔

وائس آف امریکا کی اردو سروس کی عہدے دار نے فیس بُک انتظامیہ کو ایک ای میل کی تھی جس کے جواب میں فیس بُک کی ترجمان کرسٹین چن کی اپنی جوابی ای میل میں بتایا کہ فیس بُک انتظامیہ نے پاکستانی حکومت کا یہ مطالبہ اپنے صارفین کی حقوق کے تحفظ کے پیش نظر مسترد کر دیا ہے۔

فیس بُک کے ترجمان نے کہا ہے کہ فیس بُک نے پاکستان کے عہدے داروں سے ملاقات کی تاکہ کمپنی کی جانب سے فیس بُک کی سروسز استعمال کرنے والوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں اپنے خیالات کے آزادانہ اور محفوظ طریقے سے اظہار کے موقع کی فراہمی سے ادارے کی گہری وابستگی کا اظہار کیا جا سکے۔

یہ ایک اہم اور تعمیری میٹنگ تھی جس میں ہم نے عدالت کے حالیہ مقدمات کے بارے میں اپنے خدشات بیان کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ ہم حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کے مواد پر پابندی کی درخواست پر سخت قانونی کارروائی کا اطلاق کرتے ہیں ۔ گروپ نے اس بارے میں بھی گفتگو کی کہ فیس بک پاکستان میں کس قدر مقبول ہے اور وہ کس طرح پاکستان بھر میں چھوٹے کاروباروں اور ترقیاتی کام کرنے والوں کو آگے بڑھنے میں مدد دے رہا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں