کراچی: پاکستان کوسٹ گارڈ کی پاسنگ آوٹ پریڈ ٹریننگ سینٹر کوسٹ گارڈ میں ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا پاس آوٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور پاکستان کی مسلح افواج قومی اتحاد اور طاقت کا مظہر ہیں جبکہ پاکستان سے وفاداری آپ سب کا بنیادی اصول ہونا چاہیئے۔ پاکستان نیوی کا ملکی دفاع اور سلامتی میں مرکزی کردار ہے۔
جنرل زبیر محمود نے مزید کہا علاقائی مسائل کے حل کے لیے پاکستان کو اہمیت حاصل ہے اور کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام پر تشویش ہے جبکہ بھارتی خفیہ ایجنسی را اور دیگر ایجنسیاں افغانستان سے آپریٹ کر رہی ہیں جو بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کی صورتحال کو خراب کر رہی ہیں لیکن ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا افغانستان میں امن خطے کی سلامتی کے لیے ضروری ہے کیونکہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پریقین رکھتا ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے اپنے خطاب میں ملک دشمن ایجنسیوں بالخصوص را کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کے 36 ویں بیج کی پاسنگ آوٹ تقریب ہوئی جس میں164 ریکروٹس پاس آوٹ ہوئے اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو انعامات سے نوازا گیا۔پاس آؤٹ ہونے والوں میں 72 پاکستانی جبکہ 28 برادرممالک بحرین، قطر اور سعودی عرب کے افسران شامل تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں