اسلام آباد:بنگلادیشی مسلح افواج کے پرنسپل سٹاف آفیسر (پی ایس او) لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دونوں افواج کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ تربیتی پروگرامز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تربیت اور تعاون کے نئے راستوں پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن نے پاک فضائیہ کے جدید منصوبوں اور دفاعی ٹیکنالوجی، خاص طور پر جے ایف 17 تھنڈر طیاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی عسکری صلاحیتوں اور مقامی طور پر تیار کردہ دفاعی ہارڈویئر کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
اس سے پہلے بنگلہ دیشی وفد نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، جس میں دفاعی تعلقات اور باہمی تعاون کے حوالے سے اہم امور پر گفتگو کی گئی۔