لاہور:جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ "ٹرمپ کو اپنے دماغ پر سوار کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، امریکی عوام کا اختیار ہے کہ وہ اپنے صدر کا انتخاب کریں، لیکن پاکستان کی سلامتی ہماری سب سے بڑی ترجیح ہے۔"
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے اس بات کا اظہار کیا کہ "ہم نے ہمیشہ اصولوں کی بنیاد پر مذاکرات کیے اور کامیاب ہوئے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہوں، اور سب سے اہم بات عوام کا اعتماد دوبارہ بحال کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "پی ٹی آئی کے مطالبات کے بارے میں مجھے کوئی علم نہیں، تاہم میں ہمیشہ یہ کہتا ہوں کہ سیاستدانوں کو گرفتار نہیں کرنا چاہیے۔ اگر کسی نے اپنے حدود سے تجاوز کیا ہے تو اسے اپنے رویے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔"
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ "میں ہمیشہ مذاکرات کا حامی رہا ہوں اور اصولوں کی بنیاد پر حکومت اور اپوزیشن دونوں کو بات چیت کے لیے آمادہ کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات انتہائی اہم ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے۔