چور چور کا راگ الاپنے والوں کے پاس کوئی ثبوت نہیں:مریم نواز

چور چور کا راگ الاپنے والوں کے پاس کوئی ثبوت نہیں:مریم نواز

سیالکوٹ:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سال سے "چور چور" کا راگ الاپنے والے آج تک اس کا کوئی قابلِ یقین ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست نہیں بلکہ عوامی خدمت پر مبنی ہے، اور ہمارا احتساب عوام کریں گے۔

سیالکوٹ میں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں ہونہار سکالرشپ پروگرام کے تحت چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ سکالرشپ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی پروگرام ہے، جس میں صرف میرٹ کی بنیاد پر سکالرشپس دی جا رہی ہیں۔ "ہونہار طلبہ کو اپنی محنت اور قابلیت سے یہ سکالرشپ حاصل کرنی چاہئیں، اور میں ان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتی ہوں۔"

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں کسی بھی سفارش کو نہیں قبول کیا گیا اور 11 ماہ کے دوران کسی بھی محکمے میں کسی تعیناتی کے لیے سفارش کی اجازت نہیں دی گئی۔ "ہم نے ہر فیصلے میں میرٹ کو ترجیح دی ہے، اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے صوبے کا ہر طالب علم بہترین تعلیم حاصل کرے۔"

مریم نواز نے اعلان کیا کہ سکالرشپ پروگرام کو سیکنڈ ایئر اور تھرڈ ایئر کے طلبہ کے لیے بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ "میرا مقصد یہ ہے کہ صوبے کا کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے اور مستحق طلبہ کی مالی معاونت کی جائے۔"

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ "پاکستان کی ترقی کے لیے تعلیم کی اہمیت بہت زیادہ ہے، اور یہ ہونہار طلبہ ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔"

مریم نواز نے نوجوانوں کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان بھی کیا، جن میں لیپ ٹاپ کی پہلی کھیپ کی تقسیم اور ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس کا منصوبہ شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے اور ہم نے کبھی بھی تشدد اور افراتفری کی سیاست نہیں کی۔ "ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کو ترجیح دی ہے، جبکہ کچھ قوتیں تشدد اور فساد پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔"

مریم نواز نے مزید کہا کہ "ہم نے معیشت کو بہتری کی طرف گامزن کیا ہے، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، سٹاک مارکیٹ نئی بلندیاں چھو رہی ہے، اور مہنگائی میں کمی آئی ہے۔"

تقریب کے دوران مریم نواز نے دو طالبات کو سٹیج پر بلایا، جن میں سے ایک نے انہیں پینٹنگ گفٹ کی۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ اس تحفے کو اپنے دفتر میں سجا کر رکھیں گی۔ اس کے علاوہ، مریم نواز نے طالبہ کو اپنی کرسی پر بھی بٹھایا۔اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔

مصنف کے بارے میں