کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے نئی فلموں اور ڈراموں کے لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت سندھ کی پالیسی کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ تخلیقی صنعتوں، خاص طور پر فلم، ڈرامہ اور دیگر متعلقہ شعبوں کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
شرجیل میمن کی زیرِ صدارت کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر نے کہا کہ اس بورڈ کا مقصد ثقافتی ترقی اور معاشرتی بہتری کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے نئے لکھنے والوں اور تخلیقی پروڈکشن ہاؤسز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ وہ اپنے منصوبوں پر کام جاری رکھ سکیں۔
وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تخلیقی کاموں کو بورڈ کی منظوری کے بعد مکمل کرنے کے لیے ضروری مالی معاونت فراہم کی جائے گی، تاکہ یہ منصوبے کامیابی کے ساتھ مکمل ہو سکیں۔
اجلاس کے دوران، کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔