الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے لیے بجلی کی قیمت میں 45 فیصد کمی کا اعلان

02:53 PM, 15 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چارجنگ سٹیشنز کے لیے بجلی کا ٹیرف 45 فیصد کم کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام تک الیکٹرک گاڑیوں کی رسائی کو آسان بنانا اور ماحولیاتی بہتری کے لیے مثبت قدم اٹھانا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اویس لغاری نے بتایا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، اور 2023 کے جولائی سے نومبر کے دوران گردشی قرضے میں کمی آئی ہے۔ اس دوران تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے 223 ارب روپے کا نقصان کیا، لیکن 2024 میں اس نقصان کو 170 ارب روپے تک محدود رکھا گیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے تمام صنعتی زونز کو مساوی بنیادوں پر بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے انڈسٹریز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

اویس لغاری نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے حوالے سے کہا کہ چارجنگ اسٹیشنز کا ٹیرف 71 روپے 10 پیسے سے کم کر کے 39 روپے 70 پیسے فی یونٹ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، چارجنگ سٹیشنز کا این او سی 15 دنوں میں جاری کیا جائے گا اور ہر محلے میں چارجنگ اسٹیشنز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کاروبار کو شروع کرنے کے لیے 18 لاکھ سے لے کر ڈیڑھ کروڑ روپے تک کی سرمایہ کاری درکار ہوگی۔

انہوں نے اس اقدام کو بین الاقوامی سطح پر ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عوام کے لیے ایک بہترین موقع ہے، خصوصاً موٹرسائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی کی چھوٹی گاڑیوں کے متبادل کے طور پر۔ وفاقی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ پاکستان کو خطے میں سستی بجلی فراہم کرنے والے ممالک میں شامل کرے گی۔

مزیدخبریں