الیکٹرک وہیکلز چارجنگ سٹیشنز کے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے:وزیراعظم کی ہدایت

الیکٹرک وہیکلز چارجنگ سٹیشنز کے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے:وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز (EVs) کے فروغ کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔ اسلام آباد میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر تشویش بڑھ رہی ہے، اور اگر پاکستان روایتی ایندھن کی گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کو اپنائے تو آلودگی میں کمی ممکن ہو سکتی ہے۔

وزیراعظم نے وزارت توانائی کو چارجنگ اسٹیشنز کے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ماحولیاتی بہتری آئے گی بلکہ پاکستان کی معیشت پر امپورٹڈ ایندھن کا بوجھ بھی کم ہوگا۔ وزارت توانائی نے چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کے ٹیرف میں 45 فیصد کمی کرتے ہوئے اسے 70 روپے سے کم کر کے 40 روپے فی یونٹ کر دیا ہے، جس سے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

شہباز شریف نے وزیر توانائی اویس لغاری اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہا، جنہوں نے اس فیصلے پر عملدرآمد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے سرمایہ کاروں کو حوصلہ ملے گا اور وہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں گے۔ وزیراعظم نے اس منصوبے کی تشہیری مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ عوام میں الیکٹرک گاڑیوں کے فوائد کے بارے میں آگاہی پھیلائی جا سکے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ماحول دوست منصوبے نہ صرف ماحولیاتی بہتری کے لیے اہم ہیں بلکہ یہ پاکستان کی اقتصادی حالت کو بھی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

مصنف کے بارے میں