ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

11:14 AM, 15 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور : محکمہ موسمیات نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ ملک کے بیشتر حصوں میں سرد اور خشک موسم کا راج رہے گا۔ پنجاب کے اکثر اضلاع اور بالائی سندھ میں رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، شمال مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، خاص طور پر کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ اور دیگر پہاڑی علاقوں میں۔ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی سرد اور خشک موسم رہے گا، اور پنجاب کے مختلف اضلاع جیسے لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، جھنگ، بہاولپور، اور دیگر علاقوں میں دھند کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے زیادہ تر علاقے سرد اور خشک رہیں گے، تاہم پہاڑی علاقوں میں رات کے وقت شدید سردی کا سامنا ہوگا۔ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بھی شدید سرد موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے اور رات کے اوقات میں بنوں، پشاور، نوشہرہ، اور مردان میں دھند چھا سکتی ہے۔ رات کے اوقات میں سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، خیر پور اور دیگر علاقوں میں دھند کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں