جنوبی کوریا کے معطل صدر یون سک یول گرفتار

11:09 AM, 15 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

سیئول: جنوبی کوریا کے معطل صدر یون سک یول کو کرپشن تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تفتیش کاروں نے صدر کی سرکاری رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور سیڑھیوں کی مدد سے کمپاؤنڈ میں داخل ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق، تقریباً ایک ہزار اہلکاروں پر مشتمل تفتیشی ٹیم نے صدارتی محل پہنچنے پر مزاحمت کا سامنا کیا، جہاں صدر کے گارڈز اور حامیوں نے ان کی گرفتاری کی کوشش کی لیکن بعد ازاں یون سک یول کو گرفتار کر لیا گیا۔

اینٹی کرپشن تفتیش کاروں نے تصدیق کی کہ یون سک یول کو بالآخر گرفتار کر لیا گیا اور جوائنٹ انوسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز نے ان کے گرفتاری کے وارنٹ پر عمل کیا۔ اس سے قبل تفتیش کاروں کو وارنٹ دکھانے کے باوجود گرفتاری میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم حکام نے ان افراد کو حراست میں لینے کی دھمکی دی جو گرفتاری کے عمل میں رکاوٹ بنے تھے۔

یون سک یول کی گرفتاری کے وقت ان کے ہزاروں حامی صدارتی محل کے باہر جمع تھے اور یون کی حکمران جماعت پیپلز پاور پارٹی کے 30 ارکان پارلیمنٹ بھی وہاں موجود تھے۔ یاد رہے کہ 3 دسمبر کو مارشل لا کے نفاذ پر یون سک یول کے مواخذے کے بعد آئینی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔ تحقیقات میں یہ جانچا جا رہا ہے کہ آیا 3 دسمبر کو مارشل لا کا نفاذ بغاوت کے مترادف تھا یا نہیں۔

مزیدخبریں