ملک بھر میں دھند اور سردی کی شدت برقرار، موٹر ویز اور ٹرینوں کی روانگی متاثر

11:04 AM, 15 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور : پاکستان کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے موٹر ویز متعدد مقامات پر بند کر دی گئی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق ایم ون (پشاور سے صوابی)، ایم ٹو (لاہور سے خانقاہ ڈوگراں)، ایم 3 (لاہور سے درخانہ) اور ایم 4 (گوجرہ سے ملتان) سمیت کئی اہم راستوں پر ٹریفک کے لیے بندش جاری ہے۔ اس کے علاوہ، لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی ٹریفک کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

شدید دھند کی وجہ سے لاہور اور اس کے گرد و نواح میں مسافر ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، جس کے باعث کئی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو گئیں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری طرف، ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، بالخصوص شمال مغربی بلوچستان میں ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کوئٹہ، چمن، زیارت اور دیگر علاقے بارش اور برف باری کی زد میں ہیں۔

بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی سطح تک گر چکا ہے، جیسے کہ لہہ میں منفی 12، گوپس میں منفی 11 اور سکردو میں منفی 10 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں بھی سرد اور خشک موسم کا راج ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 6 اور زیادہ سے زیادہ 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید سردی کی پیش گوئی کی ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں