حماس کاجنگ بندی معاہدےکے مسودے پر اتفاق ،قطر کی تصدیق

حماس کاجنگ بندی معاہدےکے مسودے پر اتفاق ،قطر کی تصدیق

تل ابیب : اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کے مسودے پر اتفاق کرلیا ہے، جبکہ قطر نے بھی تصدیق کی ہے کہ غزہ جنگ بندی مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق حماس نے اس معاہدے کے مسودے پر اتفاق کے بعد ثالثوں کو آگاہ کیا ہے، اور جنگ بندی کی ابتدائی شرائط میں ایک ہزار فلسطینی قیدیوں کی اسرائیلی جیلوں سے رہائی شامل ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ دوحہ میں جاری مذاکرات جلد ایک واضح اور جامع معاہدے تک پہنچنے والے ہیں، اور جنگ بندی معاہدے کے راہ میں حائل اہم مسائل حل کرلیے گئے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا نے مزید بتایا کہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں اسرائیلی فوج غزہ کے مصر کے ساتھ قائم فلاڈیلفی کوریڈور کو خالی کرے گی، جب کہ دوسرے مرحلے میں اسرائیلی فوجیوں اور مزید قیدیوں کی رہائی پر بات چیت ہوگی۔ تیسرے مرحلے میں طویل مدتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جس میں غزہ کی دوبارہ آبادکاری اور نئی حکومت کے قیام پر بات کی جائے گی۔

عرب میڈیا کے مطابق جنگ بندی کا دورانیہ 42 دن تک رہے گا، اور حماس ہر سات دن بعد تین اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گی۔ اس دوران اسرائیلی فورسز غزہ کے وسطی علاقوں کو خالی کرنے کی پابند ہوں گی۔ اسرائیلی عہدیداروں نے حماس کے مطالبے کے باوجود یحییٰ سنوار کی لاش واپس کرنے سے انکار کردیا ہے۔

 اسی دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضہ ختم کرنا ہوگا اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔یہ معاہدہ غزہ کے شہریوں کے لیے نئی امید کی کرن ہو سکتا ہے، تاہم اس کے کامیاب نفاذ کے لیے تمام فریقین کے درمیان مفاہمت ضروری ہے۔

مصنف کے بارے میں