راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے پیپلزپارٹی سے انتخابی اتحاد سے انکار کردیا۔ان کا کہنا ہے کہ پیش گوئی کر رہا ہوں نوازشریف کے ساتھ بہت برا ہونے والا ہے۔
اڈیالا جیل میں کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھاکہ لندن پلان کےتحت مجھے جیل میں ڈالا، پی ٹی آئی کو ختم کرنےکی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف ہمیشہ امپائرز کو ساتھ ملا کر کھیلتا ہے، پرسوں ایک امپائر نے نوبال دی ہے، پیشگوئی کررہاہوں ان کےساتھ بہت برا ہونے والا ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا پیپلز پارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد ممکن ہے؟ اس پر عمران خان کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کسی صورت اتحاد نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے کیس ختم کر دیے گئے، نوازشریف، آصف زرداری، مریم نواز نے توشہ خانہ سے بلٹ پروف گاڑیاں لیں، انہیں کوئی نہیں پوچھتا۔
بانی پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ سائفر کا اوپن ٹرائل کیا جائے تاکہ لوگوں کو حقائق کا پتہ چلے، یہ مجھے کہتے ہیں کہ سائفر کو سیکرٹ کیوں نہیں رکھا۔