اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما بابر اعون نے کہا کہ ہم سے بلا چھین لیا گیا، پچ اکھاڑ دی گئی ہے، ہم خالی ہاتھ لڑیں گے اس کے باوجود عام انتخابات سے بائیکاٹ نہیں کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ایسے انتخابات ہوئے تو دو ماہ بھی یہ حکومت نہیں چل سکے گی۔ زبردستی لائے گئے لوگوں کو عوام قبول نہیں کرے گی۔ نواز شریف پہلے بھی دو چیفس سے لڑائی کر چکے ہیں اب ایک بار پھر نواز شریف کو لا کر ملک میں کوئی استحکام نہیں آئے گا۔
انہوں نے کہا یہ سب کچھ اس لیے کیا جا رہا تاکہ ہم میدان چھوڑ کر بھاگ جائیں، لیکن ہم مرد میدان ہیں، صورتحال جو کوئی بھی ہوئی ہم کسی صورت بھی عام انتخابات سے بائیکاٹ نہیں کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنماکا کہنا تھا کہ پچ اکھاڑدی گئی، وکٹ اٹھا کے لوگ بھاگ گئے، بلاہم سے چھین لیا گیا۔ ہم چاہتے ہیں وکٹ بھی ہو پچ بھی اور مخالف بھی۔
بابراعوان نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت آئین اور قانون کی وجہ سے نہیں بلکہ ٹیکنیکلٹی کی وجہ سے انتخابی نشان سے محروم ہوئی۔ الیکشن کمیشن نےتوہین آمیز انتخابی نشانات جاری کیے ہیں، بد قسمتی کی بات یہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے جو انتخابی نشانات الاٹ کیے ہیں وہ بھی آئین کے آرٹیکل 14 کی خلاف ورزی ہیں۔