گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ، نندی پور اور گڈو پاور پلانٹ پی ایس او کو دینے کا فیصلہ

12:26 PM, 15 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:   گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے نندی پور اور گڈو پاور پلانٹ کی نجکاری منسوخ کر کے پی ایس او کو دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

 
ذرائع وزارت توانائی کے مطابق نندی پور اور گڈو پاور پلانٹ کو نجکاری فہرست سے نکالنے کا فیصلہ کیا  گیاہے، گیس سیکٹر کے گردشی قرضہ میں کمی کیلئے دونوں پاور پلانٹس کے شیئرز پی ایس او کو دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پاور پلانٹس کے شیئرز پی ایس او کو  دینے سے گیس سیکٹر کا 100 ارب روپےکا  گردشی قرضہ کم ہو گا کیونکہ نندی پور اور گڈو پاور پلانٹس سوئی گیس کمپنیوں کے 100 ارب روپے کے نادہندہ ہیں۔ دونوں پاور پلانٹس کے 100 ارب کے کنٹرولنگ سٹیک پی ایس او کو دیئے جائیں گے۔

ذرائع وزارت توانائی کے مطابق پاور پلانٹس کے شیئرز سے وفاقی حکومت سوئی گیس کمپنیوں کے واجبات کلیئر کرائے گی۔

پاور پلانٹس کو نجکاری فہرست سے نکالنے کیلئے وزارت توانائی، پٹرولیم اور نجکاری کمیشن رضا مند ہو گئے ہیں جبکہ پاور پلانٹس کو نجکاری فہرست سے نکالنے کیلئے حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے مشروط ہے۔

مزیدخبریں