دباؤ کیوجہ سے اختر اقبال نے مؤقف بدلا، الحاق کے فیصلےمیں میری رضا مندی تھی نہ عمران خان آگاہ تھے: حامد خان

09:20 AM, 15 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی: تحریک انصاف کے سینئر رہنما حامد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نظریاتی سے الحاق کے فیصلے میں میری رضامندی شامل نہیں تھی اور مجھے لگتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بھی الحاق سے آگاہ نہیں تھے۔ 

نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما حامد خان نے پی ٹی آئی نظریاتی سے الحاق سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختراقبال ڈار نے دباؤ کی وجہ سے اپنا موقف بدلا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نظریاتی کیساتھ الحاق میں میری رضا مندی شامل نہیں تھی، الحاق کا فیصلہ کور کمیٹی نے کیا، میں نے تو پہلے ہی واضح کیا تھا کہ اختر اقبال ڈار کی گارنٹی نہیں ہے۔  

حامد خان نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان بھی  پی ٹی آئی نظریاتی سے الحاق کے فیصلے کے بارے میں آگاہ تھے۔ 

سپریم کورٹ کے بلا واپس لے لینے کے فیصلے پر رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے واضح کیا تھا کہ اپیل کرنے والے ہماری پارٹی کے ممبران نہیں ہیں، ہم نے تمام دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرا دی تھیں۔

حامد خان نے کہا ہم نے سپریم کورٹ سے استدعا کی تھی کہ عوامی نیشنل پارٹی کی طرح ہمیں بھی جرمانہ عائد کر پارٹی انتخابی نشان الاٹ کر دیا جائے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ہم انٹرا پارٹی انتخابات دوبارہ کرا لیں گے۔


خیال رہے کہ تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں کو دوسری جماعت پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹس جاری کیے تھے اور آر اوز کو ٹکٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی  جس کے بعد پی ٹی آئی نظریاتی کے سربراہ اختر اقبال ڈار نے الزام عائد کیا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمارے جعلی ٹکٹ جمع کرائے ہیں۔

لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتےہوئےپاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ہم نے ٹکٹس نہیں دیے۔ جو ٹکٹ ہم نے پہلے ایشو کیے تھے وہی ٹکٹ اب ایشو کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ  ہمارے ٹکٹوں پر بلے باز کا نشان واضح ہے۔مجھےنہیں پتہ تھا،پی ٹی آئی امیدواروں نےہماری ٹکٹیں کہاں سےلیں۔

مزیدخبریں