پشاور: سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ناصر موسیٰ زئی اور ان کے دیگر لوگوں کا جے یو آئی میں شمولیت کا فیصلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اہم سیاسی شخصیات کی شمولیت سے واضح ہے حالات بدل چکے ہیں ۔ صوبہ خیبرپختونخوا اس وقت جمعیت علمائے اسلام کی طرف متوجہ ہے ۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں آنے والے وقت میں جمعیت علمائے اسلام کی حکومت ہوگی ۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حواریوں کی سوچ اور اخلاق مغربی تہذیب کی عکاس ہے ۔ عمران خان ملک میں دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے استقامت سے ایک شخص کا مقابلہ نہیں کیا بلکہ نظریئے اور تہذیب کا مقابلہ کیا ۔ ہم نے اسرائیل ، امریکا ، قادیانیت اور مغربی تہذیب کا مقابلہ کیا ہے ۔ عمران خان بیرونی قوتوں کے ایجنڈے کو پورا کر رہے ہیں ۔
فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان ملک میں سیاستدانوں اور اداروں پر مختلف الزامات لگا رہے ہیں ۔ اگر تمام سیاستدان چور اور لٹیرے ہیں تو پاکستان کے دوست ممالک نے عمران خان پر اعتبار کیوں نہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنا مغربی ایجنڈا پورا نہ کرسکا اسی لئے وہ دوبارہ اقتدار میں آنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ اگر عمران خان دوبارہ اقتدار میں آئے تو ملک تباہ ہو جائے گا ۔ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں ملک کو دیوالیہ کرنے کی پوری کوشش کی ۔ عمران خان نے دوست ممالک سے تعلقات خراب کرکے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کیا ۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ اور پروپیگنڈے پر کھڑی ہے ۔ عمران خان کا کہنا ہے پاکستان ڈیفالٹ کر رہا ہے جبکہ دنیا ہماری مدد کر رہی ہے ۔