کراچی :امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے بھرپور جدوجہد کی ،بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی پورے کراچی میں سوئپ کررہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان حافظ نعیم الرحمان نے کراچی کے علاقے ناظم آباد کے علیمہ اسکول میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن کرانے کے حق میں نہیں تھیں لیکن جماعت اسلامی کے بلدیاتی الیکشن سے متعلق مؤقف کو تسلیم کیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا متعدد پولنگ اسٹیشنز پر عملہ نہ پہنچنے کی اطلاعات ہیں جوکہ الیکشن کمیشن کی نااہلی کا نہ بولتا ثبوت ہے ، بلدیاتی انتخابات پر امن طور پر جاری ہٰیں،چند مقامات پر سازش کرکے کیمپس کو جلایا گیا تاکہ عوام ووٹ کاسٹ نہ کرسکیں،جن لوگوں نے کیمپس جلائے ہیں انہیں ووٹ کی طاقت کے ذریعے جواب دیں گے
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کل رات تک بھرپور کوشش کی گئی بلدیاتی انتخابات نہ ہوسکیں، عوام کو کہتے ہیں گھروں سے باہر نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں ، اگرووٹ کاسٹ نہیں کریں گے تو وڈیرہ شاہی مزید طاقتور ہو جائے گی، ہمیں عوام کے ووٹ کی طاقت سے جاگیرداروں کے ظالمانہ شکنجے کو توڑنا ہے،کراچی کے شہریوں کے پاس شہر اور اپنا حق لینے کیلئے بہترین موقع ہے ۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے پولنگ اسٹیشنز پر پرائیویٹ گارڈز لانے کی مخالفت کی تھی، سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی پولنگ اسٹیشنز پر موجودگی قابل تحسین ہے، حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے بعد میئر کراچی کا براہ راست الیکشن کرائے، کراچی کا میئر یوسیز کی بنیاد پر نہیں بلکہ براہ راست الیکشن سے منتخب ہوناچاہئے ۔