کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم کراچی کنگز کی قیادت واپس لئے جانے کا کوئی دکھ نہیں، کراچی والوں کو اس بار مایوس نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ پی ایس ایل کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں اور اس بار کراچی والوں کو مایوس نہیں کریں گے۔ کراچی کنگز کی کپتانی سے ہٹائے جانے کا کوئی دکھ نہیں، مجھے ٹیم کیلئے کھیلنا ہے اور میں پوری طرح تیار ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بائیو سیکیور ببل میں رہنا اب جاب کا حصہ بن چکا ہے، شہر قائد کے باسی اس بار پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی کارکردگی سے مایوس نہیں ہوں گے، ورلڈ کپ میں پرفارمنس کے بعد سے ٹیمیں اب ہمارے پاس آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب پرفارمنس اچھی نہیں ہوتی تو کوئی بات کرنے والا نہیں ہوتا اور جہاں تک کراچی کنگز کی کپتانی کی بات ہے تو مجھے ہٹائے جانے کا کوئی دکھ نہیں، اپنی ٹیم کیلئے کھیلنا ہے اور میں بابراعظم کی قیادت میں کھیلنے کیلئے بالکل تیار ہوں، وہ پاکستانی ٹیم کو بھی اچھی طرح لیڈ کر رہے ہیں۔