راولپنڈی:راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے مری میں داخلے کی مشروط اجازت دے دی،اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مری میں روزانہ 8 ہزار گاڑیوں کی اجازت دے دی گئی ہے، داخلی گاڑیوں پر پابندی مری اور آزاد کشمیر کے رہائشیوں پر لاگو نہیں ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر مری ٹریفک پلان ترتیب دیں گے، حد سے زائد گاڑیوں کو روکنے کی ذمہ داری بھی چیف ٹریفک آفیسر کی ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شام 5 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان مری میں سیاحوں کا داخلہ نہیں ہوسکے گا۔
چیف ٹریفک آفیسر محکمہ موسمیات سے مکمل رابطے میں رہیں گے۔اس کے علاوہ چیف ٹریفک آفیسر، سٹی پولیس آفیسر مناسب نفری تعینات کرنے کے پابند ہوں گے۔