اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فنانس (سپلیمنٹری) بل، 2022 کی منظوری دے دی،صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت منظوری دی،فنانس بل 13 جنوری کو قومی اسمبلی سے پاس ہوا تھا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے فنانس ضمنی بل 2022 ،13جنوری کو ایوان میں پیش کیا تھا جسے قومی اسمبلی میں کثرت رائے سے منظور کیا گیا تھا ، صدر مملکت عارف علوی کی جانب سےمنظوری کے بعد فنانس ضمنی بل ایکٹ بن گیا ہے۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل 2022 کثرت رائے سے منظور کیا تھا، اپوزیشن نے بل کی منظوری کے خلاف اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا اور بل کی کاپیاں ہوا میں اچھال کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔
اپوزیشن نے فنانس ضمنی بل کو آئی ایم ایف کی غلامی کرنے سے تعبیر کیا تھا،جبکہ اہم قانون سازی پر وزیراعظم عمران خان نے وزیرخزانہ شوکت ترین کو شاباش دی تھی، وزیراعظم نے شوکت ترین کو اپنی نشست پر بلایا اور بلز کی منظوری میں کامیابی پر ان کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔