نوازشریف کی ڈیل سے متعلق وفاقی وزیر نے خاموشی توڑ دی 

06:27 PM, 15 Jan, 2022

اسلام آباد:وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور نے نوازشریف کی ڈیل سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 4ہفتے تو کیا کئی مہینے گزر گئے نواز شریف واپس نہیں آئے،واپسی کے حوالے سے ڈیل کا تاثر دیا گیا ،جس پر آئی ایس پی آر کو وضاحت کرنا پڑی ۔

وزیر ہوا باز ی غلام سرور نے کہا نواز شریف جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ پر باہر گئے ،اب برطانیہ بھی مزید پناہ دینے کو تیار نہیں ،انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں واپس لاکر جیل میں بند کیا جائے گا ،ویسے بھی مفرور شخص کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا ۔

حکومت کے اپنے اتحادیوں سے متعلق اختلافات پر بات چیت کرتے ہوئے غلام سرور نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتیں مکمل طور پر حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں ،وزیر اعظم عمران خان کی پوزیشن پہلے بھی مستحکم تھی اور آج بھی ہے ۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا برطانیہ میں مقیم نواز شریف نے خود کو صرف پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کرنا ہے، انہیں عزت و احترام کے ساتھ واپس لائیں گے۔

نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے بھائی کی ضمانت دی لیکن عدالتی حکم کی پاسداری نہیں کی، نواز شریف نے آج تک اپنی میڈیکل رپورٹس جمع نہیں کرائی، نواز شریف نے صرف ایک میڈیکل لیٹر جمع کرایا۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا کیا علاج ہوا کچھ نہیں بتایا گیا، نواز شریف کے معاملے پر شہباز شریف پر توہین عدالت کی کارروائی ہو سکتی ہے، عدالت شہباز شریف کو پابند کر سکتی ہے کہ نواز شریف کو لایا جائے۔

مزیدخبریں