اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون کے پھیلاؤ میں اضافے کے پیش نظر ماس ویکسی نیشن سینٹر دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکام نے ایف نائن میں ماس ویکسی نیشن سینٹر دوبارہ کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور اس کیساتھ ہی موبائل ویکسی نیشن کا عمل بھی بحال کر دیا گیا ہے۔
اس ضمن میں جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت پر ماس ویکسی نیشن سینٹر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجموعی طور پر 136 ویکسی نیشن سینٹرز کام کرتے رہیں گئے جبکہ ماس ویکسی نیشن سینٹر میں 70 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 66 ویکسینیٹرز موبائل ویکسی نیشن کیلئے تعینات ہوں گے، ویکسینیٹرز کو ماہانہ 45 ہزار روپے ادا کئے جائیں گے، ماس ویکسی نیشن سینٹر ایف نائن رواں ماہ کے پہلے ہفتے بند کیا گیا تھا۔