لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز نوجوان وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سابق بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کو ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران قرآن مجید بطور تحفہ دینے کی وجہ بتا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد رضوان نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلے گئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران اس وقت کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کو قرآن مجید بطور تحفہ دیا تھا اور ان کے اس عمل کو شائقین کرکٹ نے خوب سراہا تھا۔
اب محمد رضوان نے میتھیو ہیڈن کو قرآن کریم تحفے میں دینے کی وجہ بھی بتا دی ہے جن کا کہنا ہے کہ سابق بیٹنگ کنسلٹنٹ ہم سے اسلام کے متعلق سوال کرتے تھے جس پر ایک دن میں نے قرآن مجید منگوایا اور میتھیو ہیڈن کے کمرے میں پہنچا اور انہیں یہ تحفے میں دیدیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ذمہ یہ کام ہے کہ جو چیز خود کیلئے پسند کریں، وہی دوسروں کیلئے بھی منتخب کریں، میری میتھیو سے بات ہوتی ہے تو وہ بتاتے ہیں کہ انہیں بہت مزہ آ رہا ہے اور وہ اکثر قرآن شریف کا ترجمہ پڑھتے ہیں۔