کراچی : تحریک انصاف نے سندھ حکومت کے خلاف 27 فروری کو گھوٹکی سے کراچی تک لانگ مارچ کا اعلان کردیا ہے۔ وفاقی وزیر بحری امور و صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی کہتے ہیں پیپلز پارٹی والے وعدے کرکے مکر جاتے ہیں۔
کراچی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے علی حیدر زیدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے بلدیاتی قانون میں تمام اختیارات اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں یہ کسی کو اختیارات نہیں دینا چاہتے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی پی پی ارکان رکن اور چیئرمین ہیں لیکن سندھ میں انہوں نے کسی کمیٹی میں کسی اپوزیشن رکن کو نمائندگی نہیں دی۔
علی زیدی نے مزید کہا کہ سندھ بلدیاتی قانون پراسمبلی میں کبھی بحث نہیں ہوئی۔یہ لوگ ہمیں جمہوریت کاسبق سکھاتےآئےہیں۔پیپلزپارٹی جمہوریت کی سب سےبڑی ڈاکوہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ آصف زرداری کے اکاؤنٹنٹ ہیں۔ آصف زرداری مافیاز کے گاڈ فادر ہیں۔ کراچی میں جس نے آواز اٹھائی وہ فارغ ہوگیا۔ سندھ حکومت بلدیات کا کالا قانون لے کر آئی۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی وفاقی حکومت کے مزار قائد سے اسلام آباد تک 27 فروری کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہوا ہے اب وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے گھوٹکی سے کراچی تک 27 فروری کوہی لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔