اسلام آباد : وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ماضی میں نوجوانوں کو سیاسی رشوت کے پروگرام شروع کئےگئے، نواز شریف اور شہباز شریف ذاتی تشہیر کرتے تھے، عثمان ڈار کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے نوجوانوں کو سیاسی رشوت کے پروگرامز سے نکالا۔ 40 ارب روپے کے قرض نوجوانوں کیلئے منظور کر لئے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا- وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ماضی میں ن لیگ نے نوجوانوں کے نام پر جو پروگرامز شروع کئے وہ صرف اپنی ذات کیلئے تھے،
انہوں نے تو پرائم منسٹر لون پروگرام کا سربراہ بھی مریم نواز کو بنایا ہوا تھا۔وزیر مملکت نے کہا کہ ن لیگ نے اس پروگرام کے تحت صرف 26 ارب روپے تقسیم کئے، ہم صرف کامیاب جوان پروگرام کا ہدف 50 ارب روپے تک بڑھائیں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کے لئے سیاسی رشوت کے جوپروگرام شروع کئے گئے ان کا نوجوانوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔صرف نواز شریف اور شہباز شریف کی ذاتی تشہیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں عثمان ڈار کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے نوجوانوں کو سیاسی رشوت کے پروگراموں سے نکالا، کامیاب جوان پروگرام میں شفاف نظام متعارف کرایا۔
وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں ایک جامع پروگرام لے کر آئے جس کے ثمرات حاصل ہوناشروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کو جوانوں کو قرضے فراہم کرنے کیلئے آمادہ کیا گیا۔فرخ حبیب نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں شروع کئے گئے پروگراموں سے ملکی معیشت کمزور ہوئی، نوجوانوں کا بہت بڑا حصہ نوکریوں کی تلاش میں رہا۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ40 ارب روپے کے قرض نوجوانوں کیلئے منظور کئے جا چکے ہیں، 30 ارب روپے کے منظور شدہ قرض سے 22 ہزار نئے کاروبار شروع کئے گئے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں سٹارٹ اپس کو پروموٹ کیا گیا ہے، جن کے پاس وسائل کی کمی تھی اب وہ اس پروگرام سے استفادہ کرکے اپنے اور دوسروں کے روزگار کا وسیلہ بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 10 لاکھ روپے تک قرض بغیر گارنٹی کے حاصل کیا جا سکتا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ 30 ارب روپے میں سے 12 ارب روپے سٹارٹ اپس میں فراہم کئے گئے، کامیاب جوان پروگرام میں خواتین نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شفافیت پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 3 ہزار کاروبار سندھ میں بھی شروع کئے گئے اور کامیاب جوان پروگرام میں قرض سیاسی بنیادوں پر نہیں بلکہ میرٹ اور شفافیت کو مد نظر رکھ کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 30 ارب روپے کامیاب جوان پروگرام کے تحت تقسیم کئے جا چکے ہیں اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت 50 ہزار نوکریاں دی گئی ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ “ہنر سب کیلئے” پروگرام کیلئے 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس سے 25 ہزار نوجوان مستفید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس کا ٹارگٹ رواں سال 3 ارب ڈالر ہے۔
نوجوانوں کو مختلف سرگرمیوں میں شامل کرنے کیلئے ایچ ای سی کے ساتھ مل کر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شروع کیا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ پورے ملک میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ابھی بھی جاری ہے۔