بچوں کے من پسند غیر معیاری پاپس بنانے کا مکروہ دھندہ بے نقاب

بچوں کے من پسند غیر معیاری پاپس بنانے کا مکروہ دھندہ بے نقاب
سورس: File

لاہور : لاہور میں بچوں کے من پسند غیر معیاری پاپس بنانے کا مکروہ دھندہ بے نقاب ہوگیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں کوٹ لکھپت فیکٹر ی ایریا میں کارروائی کی گئی ۔

نیو نیوز کے مطابق کیڑے،سسری زدہ مکئی کے دانوں اور ناقص آئل کی بھاری مقدار برآمد کرکے پروڈکشن پر پابندی عائد کر دی گئی۔ 

ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی کا کہنا ہے کہ زنگ آلود،بدبودار مشینری اور پھپھوندی زدہ اجزاء کے استعمال سے کارن پاپس تیار کیے جارہے تھے ۔ پروڈکشن ایریا میں غیر معیاری سٹوریج،حشرات کی بھرمار،گندہ اور بدبودار ماحول پایاگیا۔

انہوں نے کہا کہ سنیکس یونٹ کومتعددبار قوانین کی خلاف ورزیوں پراصلاحی نوٹسز، جرمانے بھی عائدکیے جاچکے ہیں۔ پی ایف اے قوانین کی خلاف ورزیاں کرنیوالوں کیخلاف مقدمات بھی درج کروائے جارہے ہیں۔

ڈی جی کا کہنا ہے کہ بچوں کی اشیاء میں مضر صحت اجزاء کا استعمال پیٹ اور معدے سمیت متعددبیماریوں کا سبب بنتاہے۔ ہسپتالوں کے بڑھتے بوجھ کم کرنے کیلئے معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔